
اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق مرجع تقلید حضرت آیتاللہ العظمی جوادی آملی نے سپاہ پاسداران کی بحریہ کے چالوس بیس میں "ظہور آفتاب" کے زیر عنوان منعقدہ چوتھی قومی مہدویت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام مہدی علیہ السلام کی غیبت، ظہور اور انتظار ہمارے دین کے اہم ترین عناصر میں سے ہیں۔
انھوں نے کہا: خداوند متعال انسان کے لئے بہت اونچے مقام کا قائل ہے اور یہ مقام امام معصوم (ع) کی قیادت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
حوزہ علمیہ قم کی میں تفسیر، فلسفہ، فقہ اور اصول فقہ کے عالی مرتبہ استاد نے کہا: خداوند نہ صرف ماہ مبارک رمضان اور سرزمین وحی (مکہ معظمہ) میں انسان کا میزبان ہے بلکہ سال کے ہر دن اور ہر مہینے اور کرہ زمین کے ہر نقطے پر اسے اپنا مہمان سمجھتا ہے۔
آیت اللہ العظمی جوادی آملی نے کہا: آسمان اور زمین الہی خزانوں سے مالامال ہیں اور اسماء الہیہ ان خزانوں کی کنجیاں ہیں۔
انھوں نے کہا: اگر انسان اپنی اور اس دنیا و کائنات کے درمیان پیوند اور رشتے کا صحیح طریقے سے ادراک کرلے تو بے شک وہ خدا کے سوا کسی کا سہارا نہیں لےی گا۔
انھوں نے کہا: معاشرے میں یہ تصور رواج پانا بہت افسوسناک ہے کہ موت انسان کو نیست و نابود اور فنا کردیتی ہے جبکہ قرآنی تعلیمات میں اس بات پر مسلسل تأکید ہوئی ہے کہ انسان کو موت مارتی نہیں اور فنا نہیں کرتی۔
آیت اللہ جوادی آملی بارہ معصوم اماموں کا معاملہ قرآن مجید کی مانند انتہائی حساس معاملہ ہے اور ائمۂ طاہرین علیہم السلام میں سے ہر ایک نے اپنے اپنے زمانوں میں بارہا تأکید فرمائی ہے کہ رسول اللہ (ص) نے فرمایا ہے کہ آپ (ص) کے بعد بارہ امام ہونگے جو سب کے سب قریش میں سے ہیں اور یہ کہ پہلے امام معصوم سے لے کر آخری امام معصوم تک، سب معین اور مشخص ہیں۔
قرآن مجید کے اس ممتاز مفسر نے زور دے کر کہا: صرف وہ لوگ امام زمانہ (عج) کے حقیقی منتظر ہیں جو گناہوں سے پرہیز کرتے ہیں اور اگر انسان اپنے امام کی معرفت و پہچان حاصل کرے تو وہ کسی صورت میں بھی گمراہ نہیں ہوگا۔
آیتاللہ العظمی جوادی آملی نے کہا خداوند متعال کے احکام کی تعمیل، ترک گناہ اور آخرت کے لئے زاد راہ فراہم کرنا مہدی موعود (عج) کے منتظرین کے بنیادی فرائض ہیں۔
انھوں نے شیعیان اہل بیت (ع) کو تقوی اختیار کرنے اور ولایت کے پرچم تلے متحد و متفق رہنے کی سفارش کی۔
........
/110